گنجے سر پر دوبارہ بال اُگانے کے لیے چینی سائنسدانوں نے ایک تجرباتی الیکٹرک کنگھی تیار کرلی ہے جس نے ابتدائی تجربات میں حیران کن نتائج دیے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ’دی ٹینگل‘ نامی اس کنگھی کو چوہوں پر آزمایا گیا، جہاں 28 روز کے اندر بالوں کی دوبارہ افزائش میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔
سائنسی جریدے ’نیچر کمیونی کیشنز‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کنگھی کے خصوصی دانت ہلکے برقی جھٹکے فراہم کرتے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ جین پر مبنی دو تجرباتی علاج بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
ان میں سے ایک علاج بالوں کی جڑوں کے گرد خون کی نئی نالیاں بنانے میں مدد دیتا ہے، جبکہ دوسرا بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچانے والے ہارمون ڈی ایچ ٹی کے اثرات کم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف برقی تحریک سے بالوں کی افزائش کی شرح 40 فیصد تک رہی، جبکہ مکمل علاج کے بعد متاثرہ حصے میں بالوں کی افزائش 97.85 فیصد ریکارڈ کی گئی۔





