خیبر پختونخوا میں محکمہ ایکسائز نے 20 ہزار سے زائد نمبر پلیٹس جاری کردی ہیں جبکہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے لیے گھر بیٹھے سہولت فراہم کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن میں 100 نمبر پلیٹس جاری کرنے کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔
صوبے میں ایک لاکھ 30 ہزار رکشے موجود ہیں، جن میں سے تقریباً ایک لاکھ غیر رجسٹرڈ ہیں۔ غیر رجسٹرڈ رکشوں کے مالکان کو ای رکشے فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ہفتے کی سب سے بڑی خوش خبری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد ہے۔ ہماری خواہش تھی کہ تمام میچز پشاور میں منعقد ہوں، تاہم لیگ کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونا بھی خوشی کا مقام ہے۔
ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ انہوں نے چارسدہ، مردان اور صوابی کے پریس کلبوں کا دورہ کیا ہے، جبکہ پریس کلبوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
صحت کے شعبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ اور محکمہ صحت کا آڈٹ کرایا جائے گا اور ورثے میں ملنے والے صحت کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
صوابی اسپتال کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ 2019 میں مکمل ہونا تھا، تاہم تاخیر کا شکار رہا۔ اب اسپتال فعال کردیا گیا ہے اور جلد عملے کی تعیناتیاں کی جائیں گی۔
پلیسر گولڈ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کے خلاف سیاسی انتقام نہیں لے رہی۔ کوہاٹ اور کرک پولیس نے ایف آئی آرز درج کرکے مشینری تحویل میں لے لی ہے، جبکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے مطابق ریلیف ڈیپارٹمنٹ میں حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ سیاحتی علاقوں میں بھی فوری طور پر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔





