یہ مذاق ہے کہ کوئی خود گرفتاری کا اعلان کرے؟ جو گرفتار کرتے ہیں، وہ بتاتے نہیں، فضل الرحمان ہمیشہ مہرے کے طور پر استعمال ہوئے ہیں، یہ ان کی تاریخ ہے، علی امین گنڈاپور

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا ہمیشہ ایک مہرے کے طور پر استعمال ہوتے رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری سے متعلق بیانات پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا مذاق ہے کہ کوئی خود ہی کہہ رہا ہے کہ اسے گرفتار کیا جا رہا ہے، جو لوگ گرفتار کرتے ہیں وہ بتاتے نہیں، اس کا اندازہ خود ہی ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ایک پرانی سیاسی تاریخ رہی ہے اور لگتا ہے کہ وہ اب بھی اسی حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ان کی سیاسی تاریخ میں کبھی پی ڈی ایم، کبھی ایم آر ڈی اور کبھی ملین مارچ سامنے آتا رہا، انہیں نوڈل کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب ان کی جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تو دیگر سیاسی جماعتیں خاموش رہیں، لیکن اب انہیں بھی سمجھ لینا چاہیے کہ کل ان کی باری بھی آسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی باری بھی آنی ہے، اس لیے کوئی جماعت یہ نہ سمجھے کہ وہ اس صورتحال سے محفوظ رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کی احتجاجی کال مسترد، کارکن سڑکوں پر نہ نکل سکے، شہریوں کو تنگ کرنے اور کارِ سرکار میں مداخلت پر جے یو آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

علی امین گنڈاپور نے خبردار کیا کہ ہر سیاسی جماعت کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ آج جو کچھ کسی دوسری جماعت کے ساتھ ہو رہا ہے، کل اس کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top