نہ کوئی قانونی حیثیت، نہ فورس سے کوئی تعلق، محض انتشاری ٹولے: کوہاٹ کے ایس ایچ اوز نےشرپسند امن کمیٹیوں کو یکسر مسترد کر دیا

کوہاٹ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے ویڈیو پیغامات جاری کرتے ہوئے نام نہاد پولیس امن کمیٹی کو سختی سے مسترد کر دیا اور محکمہ پولیس میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا۔

پولیس افسران نے واضح الفاظ میں کہا کہ پولیس ایک منظم اور باضابطہ فورس ہے جس میں کسی متوازی تنظیم یا الگ نظام کے قیام کی کوئی قانونی گنجائش موجود نہیں، جبکہ محکمانہ قوانین اور چین آف کمانڈ کی پابندی ہر اہلکار پر لازم ہے۔

ایس ایچ او آیت اللہ خان نے نام نہاد پولیس کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فورس کا اپنا باقاعدہ انتظامی ڈھانچہ موجود ہے اور آئی جی، آر پی او، ڈی پی او، ایس پی اور ایس ڈی پی او سمیت تمام اعلیٰ افسران کے احکامات ماننا محکمانہ ذمہ داری ہے، کیونکہ پولیس قوانین کسی الگ تنظیم کی اجازت نہیں دیتے۔

ایس ایچ او تھانہ گمبٹ مسعود خان نے کہا کہ محکمہ پولیس میں انتشار پھیلانے اور نظم و ضبط توڑنے والے عناصر کی کوئی حرکت قابل قبول نہیں اور فورس سینئر افسران کے احکامات کے تحت ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔

انسپکٹر نور احمد خان، ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل آصف حیات اور ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ ارشد محمود نے اپنے بیانات میں کہا کہ کوہاٹ پولیس ایک متحد فورس ہے، جو عناصر حالات بگاڑنے یا پولیس قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں فورس کا حصہ نہیں سمجھا جاتا، اور فورس کسی انتشار میں شریک ہونے کے بجائے جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔

ایس ایچ او فیاض خان نے اپنی 15 سالہ سروس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی نہیں کی، چین آف کمانڈ کے بغیر محکمہ نہیں چل سکتا اور وہ ملازمت کے آخری دن تک محکمانہ ضابطوں پر قائم رہیں گے۔

ایس ایچ او سہیل خان نے سخت لہجے میں کہا کہ پولیس اہلکار کسی کے احسان مند بننے کے بجائے محکمانہ قوانین کے مطابق عوام کی خدمت کریں، ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا اور شہداء و زخمی ساتھیوں کا بدلہ لیا جائے گا، تاہم محکمانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایس ایچ او جانان نے بھی محکمہ پولیس میں انتشار پیدا کرنے والے عناصر سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار آئی جی اور دیگر افسران کے احکامات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

 کوہاٹ پولیس کے افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نام نہاد پولیس امن کمیٹی کا حصہ بننے کے بجائے محکمانہ اتحاد برقرار رکھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ، قیام امن اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top