وفاقی حکومت کے اعلان کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی کے 200 ویں یومِ پیدائش کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کے اعتراف میں 200 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے۔
یہ سکہ آج بروز جمعہ 27 نومبر 2026ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ملک بھر میں قائم تمام فیلڈ دفاتر کے کاؤنٹرز سے دستیاب ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 13.5 گرام وزنی اور 30 ملی میٹر قطر کے حامل اس گول سکے کی تیاری میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل استعمال کیا گیا ہے۔
سکے کے سامنے والے حصے کے عین درمیان میں شمال مغرب کی جانب رخ کیے ہوئے ابھرتا ہوا ہلال اور ستارہ بنایا گیا ہے، جس کے اوپر بالائی نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں “اسلامی جمہوریہ پاکستان” تحریر ہے۔
چاند تارے کے نچلے حصے میں گندم کی اوپر کی طرف مڑی ہوئی دو بالیوں کے عین اوپر سالِ اجرا 2026 درج ہے، جبکہ چاند تارے کے دائیں جانب ہندسوں میں “200” اور بائیں جانب اردو میں جلی حروف کے ساتھ “روپیہ” کندہ کیا گیا ہے۔
سکے کی پشت پر وسط میں سندھ کے تاریخی مقام “پوج شادانی دربار، حیات پتافی” کی تصویر نقش کی گئی ہے۔ تصویر کے اوپری نصف دائرے میں انگریزی حروف میں “PUJYA MATA SAHIB HASI DEVI” اور نچلے نصف دائرے میں “200th BIRTH ANNIVERSARY” لکھا گیا ہے جبکہ 200 سالہ تقریبات کی مناسبت سے دربار کی تصویر کے بائیں طرف 1826 اور دائیں طرف 2026 کے ہندسے کندہ کیے گئے ہیں۔





