پشاور: خیبرپختونخوا میں پلیسر گولڈ مائننگ کے نظام کو ریگولیٹ کرنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری سے تشکیل دی گئی یہ خصوصی ٹاسک فورس چیف سیکریٹری کی براہِ راست نگرانی میں کام کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس صوبے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کی روک تھام، سرکاری آمدن کے تحفظ اور پلیسر گولڈ مائننگ کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے ایک خصوصی قانون کا مسودہ تیار کرے گی، جب کہ اسے کان کنی کے شعبے سے وابستہ تمام افراد، ٹھیکیداروں، مزدوروں اور استعمال ہونے والی مشینری کی مکمل رجسٹریشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کی جی سکس میں اربوں روپے کی جائیداد کا کھیل ختم، فرنٹ مین امان اللہ کے نام الاٹ شدہ بنگلہ سی ڈی اے نے سیل کر دیا
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس سونے کی پیداوار، نقل و حرکت، ذخیرہ اندوزی اور خرید و فروخت کی مؤثر ڈیجیٹل نگرانی کا نظام متعارف کرانے کے حوالے سے بھی اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ سونے کی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور سرکاری محصولات کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات بھی تجویز کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خصوصی ٹاسک فورس 15 روز کے اندر اپنی جامع سفارشات اور مجوزہ قانون کا حتمی مسودہ حکومت کو پیش کرے گی۔





