امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کا ایک اور ہولناک واقعہ، 15 سالہ طالب علم کو اغوا ہوئے 40 دن گزر گئے، تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا

پشاور: خیبرپختونخوا میں امن کمیٹی کے نام پر سرگرم مبینہ دہشتگرد کمیٹی کی مبینہ کارروائیوں کے خلاف متاثرہ خاندان اور مقامی عمائدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے 15 سالہ طالب علم کفایت اللہ خان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

متاثرہ خاندان کے مطابق کمسن طالب علم کو اغوا ہوئے 40 دن گزر چکے ہیں، تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور اہلِ خانہ شدید کرب و اذیت میں مبتلا ہیں۔

متاثرہ بچے کفایت اللہ خان ولد دل عباس خان مرحوم کی والدہ نے انتہائی رقت آمیز انداز میں حکام اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ابھی کمسن ہے اور اس کی عمر محض پندرہ سال ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر کم عمری اور نادانی میں ان کے بیٹے سے کوئی غلطی سرزد ہو بھی گئی تھی تو متعلقہ محکمہ اسے تنبیہ کر دیتا یا قانونی راستہ اختیار کرتا۔

غمزدہ ماں نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ چالیس دنوں سے ختمِ قرآن کروا کر، صدقے دے کر اور رو رو کر تھک چکے ہیں، خدا کے واسطے ان کے کمسن اور یتیم بیٹے کو آزاد کر دیا جائے۔

اس موقع پر مقامی عمائدین اور مشران نے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کفایت اللہ ایک طالب علم ہے اور تمام طلبہ قوم کے بچے ہیں۔

عمائدین کا کہنا تھا کہ غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے، اور اگر اس کمسن طالب علم سے واقعی کوئی قانونی خلاف ورزی یا غلطی سرزد ہوئی ہے تو ملک میں آئین، قانون اور عدالتیں موجود ہیں، لہٰذا اسے کسی غیر قانونی حراست میں رکھنے کے بجائے باقاعدہ طور پر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق فیصلہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : گرلز کیڈٹ کالج مردان کا سالانہ بجٹ منظور، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، بورڈ اجلاس کی اندرونی کہانی اور اہم فیصلے سامنے آ گئے

خاندان کے دیگر افراد اور علاقہ مکینوں نے صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹی کے نام پر کام کرنے والی اس دہشتگرد کمیٹی کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ بچے کی ماں، بہن اور بھائی گزشتہ 40 دنوں سے دروازے پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں اور انہیں یہ تک معلوم نہیں کہ ان کا بچہ کس حال میں ہے۔

 اہلِ خانہ نے علمائے کرام اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یاد دلایا کہ والد کے جنازے کے وقت بھی اس یتیم بچے کے حوالے سے یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں، تاہم آج چالیس دن گزرنے کے باوجود وہ لاپتہ ہے۔

 متاثرہ خاندان نے اپیل کی کہ اگر ان کے یتیم بیٹے سے کوئی قصور ہوا بھی ہے تو پوری قوم اس کی معافی مانگتی ہے، اسے فوری طور پر رہا کیا جائے اور اس واقعے میں ملوث ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔

Scroll to Top