پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے شعبہ صحت کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صحت کا نظام زبوں حالی کا شکار ہے، جس سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت کی بہتری وقت کا تقاضا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کی حالت دن بہ دن خراب ہو رہی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبے میں ینگ ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد بےروزگاری کا شکار ہے، جو کہ نہ صرف انسانی وسائل کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے بلکہ شعبہ صحت کی مجموعی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام کا علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ کرنا خیبر پختونخوا کی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کے مطابق اسپتالوں میں نہ صرف ڈاکٹروں کی کمی ہے بلکہ ادویات کی بھی شدید قلت پائی جاتی ہے، جو مریضوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں گورنر کے پی نے خیبرپختونخوا میں امن کی صورتحال پر علی امین گنڈا پور کو ذمہ دار ٹھہرایا
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ شعبہ صحت کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور تمام متعلقہ اداروں سے اس حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔