خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں اور مراعات میں کمی کے معاملے پر آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر آواز بلند کر دی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے محکمہ داخلہ کے ذریعے وفاقی وزارت داخلہ کو خط ارسال کردیا جس میں خیبرپختونخوا کو باضابطہ طور پر “ہارڈ ایریا” قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، آئی جی پولیس نے اس سے قبل صوبائی حکومت کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
آئی جی پولیس نے اس سے قبل صوبائی حکومت کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا تھا اب وفاق سے بھی مراعاتی پیکیج کی منظوری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کو بلوچستان کی طرز پر خصوصی الاؤنس دیا جائے تاکہ یہاں خدمات سر انجام دینے والے پولیس افسران کو بھی وہی سہولیات حاصل ہوں جو بلوچستان پولیس کو حاصل ہیں۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان دونوں اندرونی اور سرحد پار دہشتگردی سے متاثر ہیں، اور دونوں صوبوں میں پولیسنگ نہایت مشکل اور چیلنجنگ ہے۔ بلوچستان کو پہلے ہی وفاقی حکومت کی جانب سے “ہارڈ ایریا” قرار دیا جا چکا ہے اور وہاں تعینات پولیس افسران کو خصوصی مراعاتی پیکیج بھی دیا جا رہا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے خط میں اس امر کی نشاندہی بھی کی ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دیگر صوبوں کی نسبت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، کے پی پولیس کو بھی وہی سہولیات دی جانی چاہئیں جو بلوچستان میں پولیس فورس کو میسر ہیں۔