اقوام متحدہ اور امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہر مسئلہ پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے، پاکستان اور بھارت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے مزید کہا کہ بامعنی اور باہمی رابطے کے ذریعے ہر تنازع کو حل کیا جا سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم پاک بھارت معاملات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے مسئلے پر فوری طور پر کوئی پوزیشن نہ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔
ٹیمی بروس نے بھارت میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
عالمی برادری کی جانب سے اس اپیل کا مقصد دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان تناؤ کو کم کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔





