پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، بیرسٹر سیف

پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نےکہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ کمی ہو رہی ہے، جس کے مطابق صرف اپریل کے مہینے میں فی لیٹر کم از کم 20 روپے کمی ہونی چاہیے تھی۔
بیرسٹر سیف کے مطابق حکومت نے اپریل میں دو بار قیمتیں کم کرنے کا موقع ضائع کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں نہ سنجیدہ ہے اور نہ ہی اہل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں خام تیل کی قیمتیں اس سطح پر آ چکی ہیں جو عمران خان کے دور سے بھی کم ہیں لیکن اس کے باوجود عوام کو اُس سطح کا ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں پیٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر تھی جو آج کے عالمی نرخوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ عوام دوست تھی۔

واضح رہے کہ حالیہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں صرف 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 252 روپے 63 پیسے اور ڈیزل 256 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور عالمی مارکیٹ کے مطابق قیمتوں میں مناسب کمی کی جائے۔

Scroll to Top