تحریک انصاف کابانی کی رہائی کامطالبہ ، عمران خان کی قوم کو متحرک اور متحد کرنے کی صلاحیت بے مثال ہے ۔
تفصیلات کے مطا بق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی اور کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد جاری اہم اعلامیے میں بانی چیئرمین عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال میں اُن کی قیادت قومی سلامتی اور اتحاد کے لیے ناگزیر ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، بھارت کی جانب سے مسلسل جنگی دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کے باعث ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کیا جا چکا ہے۔ ایسے میں بھارت کے جنگی عزائم اور تسلط پسند رویے کی شدید مذمت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ مودی سرکار نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ بحرانی دور میں صرف قومی یکجہتی ہی نہیں بلکہ ایک بااعتماد اور ثابت قدم قیادت کی ضرورت ہے، جو صرف عمران خان کی صورت میں ممکن ہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ عمران خان جیل میں ہوتے ہوئے بھی قوم کو متحد رکھنے، پاکستان کی خودمختاری کے دفاع اور امن کے فروغ کا پیغام دے رہے ہیں۔
اعلامیے میں عمران خان کا موقف دہراتے ہوئے کہا گیا کہ ’’امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مگر جنگ کو ہر حال میں ٹالا جانا چاہیے۔‘‘ پارٹی نے عمران خان کی قید کو پوری قوم کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
تحریک انصاف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی قیادت کی رہائی، پاکستان کی خودمختاری اور قومی وقار کے لیے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔





