پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں، ملالہ یوسف زئی

لندن: نوبل انعام یافتہ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنے بیان میں کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں اور ان کا خاتمہ ہی خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کو عقل، تحمل اور تدبر سے کام لیتے ہوئے موجودہ صورتحال کو مزید بگاڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ سفارتکاری اور بات چیت کو فروغ دے کر فریقین کے درمیان رابطے اور امن کی راہیں ہموار کرے۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی افواج نے آزاد کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد اور باغ سمیت پنجاب کے مریدکے اور احمد پور شرقیہ پر بزدلانہ فضائی حملے کیے تھے۔ ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں، جبکہ 31 افراد، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں :   پاک فوج کے خوف سے بھارتی انتظامیہ نے امرتسر میں مکمل بلیک آؤٹ کر دیا

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 جنگی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون مار گرائے جن میں 3 جدید رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل تھے۔ صورتحال اب بھی کشیدہ ہے اور عالمی سطح پر فریقین سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top