بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت جیسے دشمن ملک کے ساتھ سیز فائر ہو سکتا ہے تو ملک کے اندر سیاسی کشیدگی کو بھی ختم کیا جانا چاہیے اور پی ٹی آئی سے سیاسی سیز فائر کیا جائے۔
تفصیلات کے مطا بق اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے بھارت کو سیاسی و ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بھرپور جواب دیا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’جب دشمن کے ساتھ سیز فائر ممکن ہو سکتا ہے، تو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت سے مفاہمت کیوں ممکن نہیں؟‘‘ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملکی استحکام کے لیے سیاسی درجہ حرارت کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں اور پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا دروازہ کھولا جائے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔





