وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے یومِ تشکر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا اور بھارت کی جارحیت کا جواب تاریخ رقم کر کے دیا۔, دشمن نے حملہ کیا لیکن ہم نے اسے منہ توڑ جواب دے کر تاریخ رقم کی۔
اویس لغاری نے کہا کہ اس وقت قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے مقابلے میں کھڑی رہی، اور پاکستانی قیادت نے بروقت فیصلوں کے ذریعے دشمن کو شکست دی، انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی رہنمائی میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔
وفاقی وزیر نے افواج پاکستان کی بے مثال دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو پاک فوج پر فخر ہے اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں اور اس کامیابی کا کریڈٹ صرف افواج پاکستان کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو جاتا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں، مگر اس امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے یہ ثابت کر دیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر دشمن نے مسلط کی تو اس کا جواب ایسا ہوگا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے جہازوں کو گراکر تاریخ رقم کی، احسن اقبال
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے مزید کہا کہ پاکستان نے دشمن کو بتا دیا کہ ہم اپنی خودمختاری، وقار اور سرزمین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ اللہ کا کرم، عوام کا اتحاد اور قیادت کی بصیرت کے ذریعے پاکستان سرخرو ہوا۔





