ریاض: سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی کابینہ نے اس حوالے سے ایک اہم بیان جاری کیا جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب ان دونوں ممالک کے درمیان پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں استحکام کے لیے کوشاں رہے گا اور ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سیز فائر کا پیغام پہنچایا، ہم نے بھی مثبت ردعمل دیا ، اسحاق دار
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ سعودی عرب نے امریکا اور ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔





