بھارت کو ہر محاذ پر شکست دینگے، فوج اور پولیس متحد ہیں، بیرسٹر سیف

بھارت کو ہر محاذ پر شکست دینگے، فوج اور پولیس متحد ہیں، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، دہشت گردوں کو بھی شکست دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے مشرقی سرحد پر دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ اب مغربی سرحد پر بھارت کی ’’بی ٹیم‘‘ دہشت گردوں کو بھی شکست دی جائے گی۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے بھارت کی ’’اے‘‘ اور’’بی‘‘ ٹیموں کے خلاف متحد اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہے، اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔’’ہماری پولیس دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہے‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ’’بی ٹیم‘‘ کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔ گزشتہ روز پشاور میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اور صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Scroll to Top