علیمہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور شریف خاندان مودی سے لڑنے کے بجائے ہم سے لڑ رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن، علیمہ خان، نے شریف خاندان اور پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے دشمنی نہیں بلکہ خوف ہے، علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور شریف خاندان مودی کے مقابلے میں ہم سے لڑ رہے ہیں، اور سوال اٹھایا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کو شہباز شریف فون نہیں کر سکتے؟
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو جو تھپڑ لگے ہیں، اس کا بدلہ وہ ضرور لیں گے اور اس کے لیے بانی پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور خواجہ آصف کے حالیہ بیان پر سوال اٹھایا کہ بھارت سے کشمیر میں جاری دہشت گردی پر بات چیت ہوگی، اور یہ سوال کیا کہ کہیں وہ غلط سن تو نہیں رہے؟
ایک سوال پر علیمہ خان نے جنید اکبر کی جانب سے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے سے استعفے کے بارے میں بھی وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جنید اکبر پر مزید بھروسہ کرتے ہوئے انہیں تحریک چلانے کی ذمہ داری دی تھی۔
لیمہ خان نے مزید کہا کہ میڈیا کو لگتا ہے کہ عہدہ بڑی چیز ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کے لیے تحریک انصاف کی تحریک سب سے بڑی چیز ہے۔
اس کے علاوہ، علیمہ خان نے اپنے ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) سے نام نکالنے کے حوالے سے کہا کہ 20 ماہ قبل ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا اور اب عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ دیا ہے، لیکن وہ دیکھیں گی کہ آیا اس فیصلے پر عملدرآمد ہوتا ہے یا نہیں۔





