اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کونسل ارکان نے متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسکول بچوں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ اور سفاکانہ اقدام ہے۔ ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے اور دہشت گردی کے تمام اقدامات مجرمانہ اور ناقابل جواز ہیں۔
سلامتی کونسل نے مطالبہ کیا کہ حملے کے ذمہ داران، منصوبہ سازوں اور مالی معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، اور اس سلسلے میں تمام ممالک اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، صائمہ سلیم کا دوٹوک مؤقف
ادھر پولینڈ نے بھی خضدار میں معصوم بچوں پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ پولش سفیر نے کہا کہ ایسے گھناؤنے اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ موقف اپنانا ضروری ہے اور کوئی بھی وجہ ان حملوں کا جواز نہیں بن سکتی۔





