پاکستان میں موسم نے انوکھا رنگ جما دیاجہاں ایک طرف میدانی علاقوں میں گرمی کا قہر جاری رہا، وہیں پہاڑی علاقوں میں سردی نے ایک بار پھر دستک دے دی۔
سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر جون کے مہینے میں برفباری نے جنوری کے نظارے تازہ کر دیے۔ برفباری کے باعث بٹہ کنڈی، جل کھڈ، بیسر اور اردگرد کے پہاڑوں پر سفید چادر تن گئی، جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی آ گئی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔بالائی علاقوں میں بادلوں کی انٹری کے بعد بالاکوٹ، ناران اور کاغان میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔
مزید پیشگوئی کے مطابق:
مری، گلیات اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند علاقوں میں بھی بارش کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے اب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں سورج آگ برسا رہا ہے اور درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔
موسم کی اس دُہری کیفیت نے شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کہیں سیاح برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو کہیں شہری گرمی سے بچنے کے لیے سائے اور ٹھنڈے مشروبات کے متلاشی ہیں۔





