وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے اور جرگہ سسٹم کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے اہم قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت اور قبائلی عمائدین شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق قبائلی جرگے میں خیبرپختونخوا میں امن امان سے متعلق اہم فیصلے کرلیے گئے۔
جرگے میں وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ کو سی سی آئی میٹنگ میں ریویو کرنے، خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں جرگہ سسٹم کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ ہم این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے اگست میں پہلی میٹنگ کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پہلا نکتہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف وسائل کی فراہمی ہے، مختلف ادوار میں 700 ارب روپے خیبرپختونخوا کو دیے گئے، اور دہشت گردی کے خاتمے تک فنڈز کی فراہمی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دوں گا، ہم مل بیٹھ کر خیبرپختونخوا کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھیں گے اور ضرورت پڑی تو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے۔





