پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو 27 جون تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔
یہ فیصلہ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کامران بنگش کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران سنایا۔ عدالت نے کامران بنگش کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر سرور شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کامران بنگش کے خلاف مختلف مقدمات کی معلومات حاصل کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف اسلام آباد میں ایک مقدمہ درج ہے، جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ندیم شاہ نے آگاہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں کامران بنگش کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈرونز، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی جنگ کا نقشہ بدلنے کو تیار
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ارباب کلیم نے بتایا کہ نیب کے پاس کامران بنگش کے خلاف کوئی انکوائری موجود نہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کامران بنگش کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔