فیلڈ مارشل عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ ، فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں کیساتھ عید منائی

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ ، فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں کیساتھ عید منائی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے عیدالاضحیٰ کے پہلے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں۔

تفصیلات کے مطابق ایل او سی پر ان کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دورے کا آغاز عید کی نماز سے ہوا، جس میں پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ساتھ ہی وطن کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی دلی مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل وابستگی اور مشکلات کے باوجود خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ محاذ پر اہلکاروں کا اپنے اہل خانہ سے دور عید منانا مادر وطن کے دفاع کے عظیم قومی مقصد کی تکمیل ہے۔

آرمی چیف نے ’’معرکہ حق‘‘اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے دوران فارمیشن کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں نے معصوم پاکستانی شہریوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کی جانوں کے ضیاع کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، جنگی تیاریوں اور بھارتی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مؤثر جواب میں ان کی چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے مسلح افواج کی مکمل تیاری پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

آرمی چیف نے کشمیری عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔

Scroll to Top