وفاقی بجٹ غریبوں کیلئے ڈراؤنا خواب ہے، مہنگائی کا نیا طوفان آنیوالا ہے، بیرسٹر سیف

وفاقی بجٹ غریبوں کیلئے ڈراؤنا خواب ہے، مہنگائی کا نیا طوفان آنیوالا ہے، بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’غریب عوام کے لیے ڈراؤنا خواب‘‘ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں یہ بجٹ عام آدمی کی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافہ کرے گا۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ کے مترادف ہے، جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پٹرول اور بجلی پر لگائے گئے نئے ٹیکس مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہر شعبے کو متاثر کرتا ہے، اور اب حکومت نے سولر پینلز پر ٹیکس عائد کر کے عوام سے توانائی کا آخری متبادل ذریعہ بھی چھین لیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’’مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پر ٹیکس، عوام کے لیے جینے کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ جعلی وفاقی حکومت نے فارم 47 کے طرز پر تنخواہ دار طبقے کو جعلی ریلیف دیا ہے۔‘‘

وفاقی بجٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اسے ’’شریف خاندان کے بزنس ونگ‘‘کا بجٹ قرار دیا اور طنزیہ کہا کہ ’’بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فیئر اپارٹمنٹس میں پیش کیا جاتا۔‘‘

مشیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کے برعکس تیار کیے گئے اس بجٹ کو مسترد کیا جائے اور فوری نظرثانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو ریلیف دیا جا سکے۔

Scroll to Top