پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ انہیں پنجاب پولیس کے برابر مراعات دی جا سکیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے اسپیشل الاؤنس میں اضافے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 16 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا بجٹ 2025-26، اہم خدوخال سامنے آ گئے
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافے سے اہلکاروں کا مورال بلند ہوگا۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ فنڈز کی فراہمی سے قبائلی اضلاع میں پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا جائے گا اور فورس کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔





