پشاور: پولیس اہلکاروں کی مفت خوری پر پابندی عائد، کیپٹل سٹی پولیس کا سخت نوٹس

پشاور: کیپٹل سٹی پولیس نے پشاور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ہوٹلوں اور بازاروں سے مفت اشیائے خوردونوش لینے کے عمل کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بعض پولیس اہلکار دکانوں اور ہوٹلوں سے بغیر ادائیگی کھانے پینے کی اشیاء حاصل کرتے ہیں، جو نہ صرف غیر اخلاقی عمل ہے بلکہ محکمہ پولیس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

ہدایت نامے میں تمام ایس ایچ اوز اور محرران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیس نفری کو اس بارے میں بریفنگ دیں اور واضح کریں کہ آئندہ اگر کسی اہلکار کے خلاف ایسی شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا فیصلہ

کیپٹل سٹی پولیس کے اس اقدام کو شہری حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جو پولیس اصلاحات اور عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top