پشاور: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ملک روف اعوان نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کو سیاسی شعور دینے کے بجائے انہیں گالم گلوچ، عدم برداشت اور بدتہذیبی کی سیاست کی طرف دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس خطرناک رویے کی ابتدا تو پی ٹی آئی نے کی، مگر اب تقریباً تمام سیاسی جماعتیں اسی زبان اور انداز کو اپنا چکی ہیں۔
ان کے بقول خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی مایوس کن رہی اور خود پارٹی کے کارکن تسلیم کرتے ہیں کہ اگر کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا جائے، تو ان کی جماعت کو عوام مسترد کر دیں۔
ملک روف اعوان نے کہا کہ وہ خود ایک پیدائشی قوم پرست ہیں اور باچاخان کے فلسفے کو فخر کے ساتھ اپناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باچاخان صرف ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا سرمایہ ہیں۔
دنیا کی ہر سیاسی جماعت کو چاہیے کہ وہ باچاخان کے نظریات کو اپنائے اور امن، برداشت اور علم کے پیغام کو عام کرے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی ، چند مقامات پر بارش کاامکان
ملک روف اعوان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعمیری سیاست کی طرف لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ملک میں مثبت جمہوری رجحانات کو فروغ دیا جا سکے۔





