اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ ایران کے سفارتخانے پہنچے، جہاں انہوں نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ایران اسرائیل کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی منہ توڑ جوابی کارروائی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے جرأت مندانہ مؤقف اپنایا اور امت مسلمہ کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں عوامی اور مذہبی حلقے ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور حمایت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کل بجٹ اجلاس میں کوئی ووٹ نہیں دے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی دوٹوک ہدایت
جے یو آئی (ف) کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر عبدالواسع، مفتی ابرار احمد اور آصف اقبال شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی تعاون، مسلم امہ کے اتحاد، اور علاقائی امن کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔





