نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں دریائے سندھ کے کنارے غیرقانونی طور پر سونے کی تلاش کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ معدنیات نے مشترکہ کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران 10 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ نظام پور کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات نوشہرہ، سرویئر اور فیلڈ اسٹاف پر مشتمل ٹیم نے دریائے سندھ میں سونے کی غیرقانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران غیرقانونی کان کنی میں مصروف 10 کان کنوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معدنی وسائل کی غیرقانونی دوہتی روکنے کے لیے ایسے اقدامات تسلسل سے جاری رکھے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: یونیورسٹی روڈ پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج، ٹریفک جام
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔





