سوات سیلاب کے بعد خیبرپختونخوا حکومت متحرک، فلڈ فائٹنگ ڈرونز اور ریسکیو بوٹس خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
سوات میں حالیہ سیلاب کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے قدرتی آفات سے بروقت نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے جدید فلڈ فائٹنگ آلات کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ان آلات میں جدید ٹرانسپورٹیشن ڈرونز اور واٹر ریسکیو بوٹس شامل ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق صوبائی محکمہ ریلیف نے 30 جدید ڈرونز کی خریداری کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے۔ ان میں سے 10 ڈرونز ایسے ہوں گے جو 100 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ 20 ڈرونز 50 کلوگرام وزن لے جانے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ان ڈرونز اور دیگر آلات کی خریداری پر مجموعی طور پر 406 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ابتدائی طور پر محکمہ خزانہ کو 331 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایات دے دی ہیں تاکہ خریداری کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
محکمہ ریلیف کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز اور ریسکیو بوٹس کا استعمال نہ صرف سیلاب بلکہ دیگر ہنگامی حالات میں بھی کیا جائے گا، تاکہ بروقت ریسپانس کو ممکن بنایا جا سکے۔ ان آلات کے ذریعے دشوار گزار علاقوں تک رسائی، امدادی سامان کی فوری ترسیل اور متاثرین کی محفوظ مقامات تک منتقلی ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قدرتی آفات سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کو نہ صرف مؤثر بنائے گا بلکہ جانی و مالی نقصان کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔





