سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شبلی فراز کو سینے میں تکلیف کے باعث رات گئے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا ابتدائی طبی معائنہ اور علاج جاری ہے۔
قومی اخبار(روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق شبلی فراز کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں کارڈیالوجی اسپیشلسٹس کی ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کی۔
ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں 24 گھنٹوں کے لیے خصوصی نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کی حالت فی الحال مستحکم ہے، تاہم ان کے دل کے مکمل معائنے کے بعد آئندہ کا علاج تجویز کیا جائے گا۔
ڈاکٹرز کی ٹیم آج ان کے طبی ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں علاج کے اگلے مراحل سے متعلق مشاورت کرے گی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنان نے شبلی فراز کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، جبکہ ان کے خاندان نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔





