خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے گورنر ہاؤس میں ہونے والی حلف برداری کو جمہوریت کی نفی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں جمہوریت کی لاش پر حلف اٹھایا گیا ہے جو آئینی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی نے حلف برداری کو منسوخ نہیں کیا بلکہ یہ تقریب کورم پورا نہ ہونے کے باعث 24 جولائی تک ملتوی کی گئی تھی، گورنر ہاؤس میں حلف اٹھا کر جمہوری اقدار کو پامال کیا گیا ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن غلط بیانی کر رہا ہے اور ایک جعلی وفاقی حکومت کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ختم کرنے کے درپے ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تمام غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کی مکمل ذمہ داری الیکشن کمشنر پر عائد ہوگی اور انہیں 8 فروری کے مبینہ دھاندلی زدہ انتخابات کا حساب بھی دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا مخصوص نشستوں کی حلف برداری عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان
بیرسٹر سیف کا ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے ساتھ جو کھلواڑ کیا جا رہا ہے، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، جو عناصر آئین اور قانون کو پامال کر رہے ہیں انہیں بہت جلد ان اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔





