شاہراہ بابوسر پر لاپتہ ہونے والے سیاحوں کی تلاش 11 ویں روز بھی جاری ہے تاہم تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق سیاحوں کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو خطے کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ وفاقی حکومت کی توجہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں پر مرکوز کی جا سکے۔
فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ امید ہے وزیر اعظم شہباز شریف جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور متاثرین کے دکھوں پر مرہم رکھیں گے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہےکہ آج وادی بگروٹ میں گلیشیئر پھٹنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا گہری کھائی میں گر گئے، واقعے کی اطلاع پر فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چارسدہ رجڑ: شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی، متعدد دکانیں متاثر ہوئیں
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے مزید کہا ہے کہ غذر کے علاقے میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی آواز بنے گی اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔





