وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کہ بھارت میں نریندر مودی کی سیاست شمشان گھاٹ میں جل چکی ہے اور اب اس کی راکھ کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے حالیہ دعوؤں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ تین ماہ بعد اچانک خوابِ غفلت سے جاگے اور انہیں یاد آیا کہ انہوں نے پاکستانی طیارے تباہ کیے تھے۔
خواجہ آصف نے نے کہا ہے کہ بھارتی ایئرچیف کا یہ بیان نہ صرف مضحکہ خیز ہے بلکہ بھارتی حکومت کی ناکام سیاست کو سہارا دینے کی ایک بھونڈی کوشش بھی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مودی وطن میں عوامی حمایت کھو چکے ہیں اور عالمی سطح پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے غیر سنجیدہ بیانات سے بھارت کی رہی سہی ساکھ بھی مٹی میں مل گئی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے ہی بھارتی دعوؤں کو مسترد کر چکا ہے اور آزاد ذرائع و شواہد بھی یہ ثابت کر چکے ہیں کہ بھارتی بیانیہ زمینی حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے پاکستانی طیارے تباہ کرنے کے دعوؤں کو غیر حقیقی اور بے موقع قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ بھارت 3 ماہ بعد ایسے دعوے کر کے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایئرچیف کے آپریشن سندور سے متعلق مضحکہ خیز بیان پر پاکستان کا ردعمل
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے، ایس 400 نظام اور متعدد فضائی اثاثے تباہ کیے، جبکہ پاکستان کا کوئی طیارہ نشانہ نہیں بنا۔





