محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ آئندہ چند روز میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 13 اگست کی شام سے ایک اور سسٹم کے داخل ہونے کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے کئی علاقوں میں آئندہ ہفتے تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ گلبرگ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، کینال روڈ اور مسلم ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے ٹھنڈی ہواؤں نے حبس اور گھٹن کا خاتمہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالوں اور کھلے علاقوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں، اور ممکنہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔
موسم کا یہ خوشگوار موڑ جہاں شہریوں کے لیے راحت کا باعث ہے، وہیں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔





