دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

آج دنیا بھر میں نوجوانوں کا عالمی دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا، ان کے مؤثر کردار کو تسلیم کرنا، اور تعلیم، روزگار، صحت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اقوام متحدہ نے 1999 میں 12 اگست کو عالمی یومِ نوجوان کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی تھی، جس کے بعد سال 2000 سے یہ دن ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دنیا کا ہر چوتھا نوجوان غربت کا شکار ہے جبکہ ہر پانچواں نوجوان روزگار سے محروم ہے۔ ان تشویشناک اعداد و شمار کے پیشِ نظر عالمی برادری نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسی سازی پر زور دے رہی ہے۔

پاکستان کی بات کی جائے تو یہ دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، جہاں نوجوان آبادی کا بڑا حصہ ہیں۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ملک میں تقریباً 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کی آواز کو دبانا خواب ہی رہ جائے گا، بیرسٹر گوہر خان

ماہرین کے مطابق اگر ان نوجوانوں کو مثبت سمت، معیاری تعلیم، صحت مند زندگی، اچھی خوراک اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔

عالمی یومِ نوجوان دنیا بھر کی حکومتوں، اداروں اور سماجی تنظیموں کے لیے یہ یاددہانی ہے کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پہچانیں، ان پر سرمایہ کاری کریں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔

Scroll to Top