پشاور کی ماسٹرز ڈگری ہولڈر اقراء شاہ نے فٹ پاتھ پر بریانی بیچنے کا ایسا راز بتایا کہ ہر کوئی دنگ رہ گیا

پشاور کی باہمت اقراء شاہ ماسٹرز ڈگری ہولڈر خاتون فٹ پاتھ پر بریانی فروخت کر کے خاندان کی کفالت کر رہی ہیں۔

ہمارے معاشرے کی خواتین ہرگز کمزور یا محتاج نہیں ہوتیں، خاص طور پر وہ خواتین جو مشکل حالات میں اپنے اہلِ خانہ کا سہارا بننے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔

ایسی ہی ایک باہمت، باوقار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون پشاور سے تعلق رکھنے والی اقراء شاہ ہیں، جو آج کی نوجوان نسل کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن چکی ہیں۔

اقراء شاہ 6 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 13 سال تک مختلف اداروں میں خدمات انجام دیں۔

لیکن زندگی کے بدلتے حالات نے انہیں ایک ایسا فیصلہ کرنے پر مجبور کیا، جو نہ صرف ان کے عزم کا عکاس ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک مضبوط پیغام رکھتا ہے۔

اقراء شاہ نے ملازمت کو خیرباد کہہ کر چکن بریانی کا چھوٹا سا کاروبار شروع کیا اور اب وہ فٹ پاتھ پر بیٹھ کر اپنی محنت سے روزی کماتی ہیں۔

ان کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ بریانی کی قیمت اتنی مناسب رکھتی ہیں کہ عام غریب شہری بھی اسے باآسانی خرید سکے۔

یہ بھی پڑھیں :پشاور میں جشن آزادی کی خوشیاں، مگر ساتھ ہی ایک افسوسناک واقعہ بھی سامنے آ گیا

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اقراء شاہ نے کہا نوکری صرف ایک شخص کو پالتی ہے، لیکن کاروبار پورے خاندان کی کفالت کرتا ہے۔

ان کی یہ سوچ صرف الفاظ نہیں بلکہ عمل کی ایک روشن مثال ہے۔ ایک طرف تعلیم، ہنر اور خودداری ،دوسری جانب والدین اور بہن بھائیوں کی کفالت کا ذمہ اقراء شاہ آج کی پاکستانی عورت کا وہ چہرہ ہیں جو کسی بھی مشکل کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اقراء شاہ روزانہ بڑی سادگی اور وقار کے ساتھ اپنی بریانی فروخت کرتی ہیں، اور ان کا مقصد صرف کمائی نہیں بلکہ عزتِ نفس کے ساتھ زندگی گزارنا ہے۔

یہ کہانی ایک فرد کی نہیں، بلکہ اس عزم کی ہے جو پاکستان کی ہزاروں خواتین کے دلوں میں زندہ ہے ،خاموش، لیکن مضبوط۔

Scroll to Top