اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے تحریک انصاف کی موجودہ قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی لیڈرشپ منافق اور کمپرومائزڈ ہے، اور بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے کے پیچھے انہی کے اپنے لوگ ہیں۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت مسلم لیگ ن کی ضامن بنی ہوئی ہے اور اصل لیڈر کو کامیابی سے جیل میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی کی طرف سے چھٹی ہو جانی چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو بلانے کا مقصد ان کے ساتھ بھی بھیانک کام کرنا ہو سکتا ہے۔ کراچی میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
فیصل واوڈا نے شہباز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا کریڈٹ ضرور دینا چاہیے کہ انہوں نے کوئی میڈل نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں : یہ وقت الزام تراشیوں کا نہیں، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر متاثرین کی خدمت کا ہے، امیر مقام
ساتھ ہی انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم اب ایک فیلڈ مارشل کی طرف دیکھ رہی ہے جس نے کم وسائل میں جنگ جیتی اور فوج کا مورال بلند کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کے ساتھ سپر پاور ڈیل کر رہا ہے جبکہ بھارت کو منہ توڑ شکست ہو رہی ہے۔





