واشنگٹن: امریکی حکومت نے غیر ملکی کمرشل ٹرک ڈرائیورز کو ویزے جاری کرنے کا عمل فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ مقامی ڈرائیوروں کے روزگار کے تحفظ اور سڑکوں پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ غیر ملکی ٹرک ڈرائیور نہ صرف امریکی شہریوں کے روزگار کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں بلکہ ان کی موجودگی سے سیکیورٹی خدشات اور سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ہم فوری طور پر کمرشل ٹرک ڈرائیورز کے لیے ویزوں کا اجراء روک رہے ہیں۔
غیر ملکی ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی تعداد امریکی ڈرائیورز کے ذرائع معاش کو متاثر کر رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سیکٹر میں مقامی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنسلوانیا یونیورسٹی میں افسوسناک واقعہ، متعدد افراد زخمی
متعدد مقامی یونینز اور لیبر گروپس نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت مقامی کارکنان کو ترجیح دے اور غیر ملکی لیبر کے بڑھتے ہوئے رجحان پر نظرِثانی کرے۔
امریکی حکومت کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مقامی ملازمتوں کے تحفظ بلکہ سڑکوں پر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھی ضروری تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں کمرشل ڈرائیونگ کے شعبے میں غیر ملکی ورکرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس پر مقامی ڈرائیورز کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔





