سندھ اور خیبر پختونخوا کی پنجاب حکومت کو سیلابی صورت حال میں مدد کی پیشکش

سندھ اور خیبر پختونخوا کی پنجاب حکومت کو سیلابی صورت حال میں مدد کی پیشکش

پنجاب میں دریاؤں اور نشیبی علاقوں میں پیدا ہونیوالی سیلابی صورتحال کے پیش نظر سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں نے پنجاب کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کے بعد صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے، اور اگر پنجاب حکومت مدد طلب کرے تو سندھ حکومت فوری امداد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی پانی سندھ پہنچا تو وہاں سے نمٹنے کے لیے بھی ہم تیار ہیں۔

شرجیل میمن نے میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران میڈیا ہاؤسز نے بھرپور مہم چلائی لیکن پنجاب میں ایسی کوئی مہم نظر نہیں آئی دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پاکستان کا حصہ ہے، اور وہاں کی مشکل ہمارے لیے بھی باعث تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھاپنجاب میں سیلاب کی صورتحال پر ہم امداد کیلئے تیار ہیں۔ ہماری اپنی حکومت بھی سیلاب کا سامنا کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ہم امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔

تاہم بیرسٹر سیف نے پنجاب حکومت، بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا’’ہمیں امید تھی کہ پنجاب حکومت اس آفت کے لیے تیار ہوگی، لیکن ان کی تیاری صفر دکھائی دی، جو مریم نواز کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ کیسی وزیراعلیٰ ہیں جو اس بحران کے دوران ملک میں موجود ہی نہیں؟

پنجاب کے متعدد اضلاع، بالخصوص جنوبی پنجاب اور دریاؤں کے کنارے آباد علاقے، ان دنوں شدید سیلابی خطرے سے دوچار ہیں۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے، جس کے باعث کئی دیہات اور نشیبی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔وفاقی اور صوبائی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے انتظامی تیاریوں اور سیاسی قیادت کی عدم موجودگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top