فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ مقامات پر جاری امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتاپور کا دورہ کیا، آرمی چیف کو سیلابی صورتحال، نقصانات اور جاری ریسکیو آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات اور کاوشوں کو سراہا اور ان کی تعریف کی، فیلڈ مارشل نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
کرتاپور میں دربار صاحب کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکھ برادری سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی مقامات کی مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دربار صاحب کرتاپور سمیت تمام مقدس مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کے خلوص اور یقین دہانیوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب کے دوران فوری امداد فراہم کرنے پر سول انتظامیہ کی کارکردگی اور فوری ردعمل کی بھی تعریف کی۔





