یومِ شہداء! معرکہ حق میں کامیابیاں پاک فضائیہ کی صلاحیت کا ثبوت ہیں، ایئر چیف مارشل

یومِ شہداء! معرکہ حق میں کامیابیاں پاک فضائیہ کی صلاحیت کا ثبوت ہیں، ایئر چیف مارشل

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ’’معرکہ حق (بنیان مرصوص) میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہیں۔‘‘

یہ بات انہوں نے یومِ شہداء پاکستان ایئر فورس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو آج ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز قرآن خوانی اور 1965 و 1971 کی جنگوں کے شہداء کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )کے مطابق مرکزی تقریب ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔خطاب میں ان کا کہنا تھا’’یومِ شہداء قربانی، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔

پاک فضائیہ تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال میں اپنے مشن پر پوری یکسوئی سے کاربند ہے۔’’ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس آنیوالے وقت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو مسلسل اپ گریڈ کر رہی ہے، خصوصاً خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز جیسے جدید شعبوں میں۔

ایئر چیف نے خطاب میں کشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کو ’’جائز اور مقامی تحریک‘‘ قرار دیا اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ’’ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘‘

تقریب کے بعد ایئر چیف مارشل نے یادگارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ’’ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں، ان کی قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔‘‘

ایئر چیف نے یہ بھی واضح کیا کہ پاک فضائیہ مستقبل کی جنگی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ڈومین میں اپنی صلاحیتوں کو مزید وسعت دے رہی ہے تاکہ ملک کا دفاع ہر ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Scroll to Top