شہربانو نقوی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

شہربانو نقوی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کی بہادر اور باصلاحیت خاتون پولیس افسر اے ایس پی شہربانو نقوی نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق وہ ایشیا سوسائٹی 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ (کلاس آف 2025) کے لیے منتخب ہونے والی پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون پولیس افسر بن گئی ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ فیلوشپ دنیا بھر کے 40 سال سے کم عمر نمایاں رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی ہے، جہاں وہ پالیسی، سوشل سروس، ٹیکنالوجی، سیکیورٹی، اور دیگر شعبہ جات میں اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن سمٹ کا انعقاد 5 تا 7 دسمبر 2025 کو فلپائن میں ہوگا، جہاں شہربانو نقوی پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

آئی جی پنجاب پولیس نے اس اہم کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا’’پنجاب پولیس کے افسران کی کارکردگی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ادارے کے لیے فخر کی بات ہے۔ اے ایس پی شہربانو نقوی ہماری فورس کے جذبے، قابلیت اور عزم کی نمائندہ ہیں۔‘‘

اے ایس پی شہربانو نقوی نہ صرف ایک فرض شناس پولیس افسر ہیں، بلکہ خواتین کی نمائندگی، پیشہ ورانہ قیادت اور مثبت امیج کا مظہر بھی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کی لاکھوں نوجوان لڑکیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

Scroll to Top