سیاست میں کوئی دروازہ بند نہیں،پی ٹی آئی سے اتحاد رد نہیں کیا جا سکتا، فضل الرحمان

سیاست میں کوئی دروازہ بند نہیں،پی ٹی آئی سے اتحاد رد نہیں کیا جا سکتا، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیاسی لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اتحاد کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں نہ دشمنی ہمیشہ کے لیے ہوتی ہے اور نہ ہی دوستی دائمی رہتی ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ )کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ماضی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے میں پیش پیش رہنے والی جماعتیں بھی 1983 میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ایم آر ڈی (MRD) کے پلیٹ فارم پر مارشل لا کے خلاف سرگرم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ قومی سلامتی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اکٹھے بیٹھ سکیں۔

مولانا نے مزید کہا کہ حالیہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)، جو ایک وقت میں ایک دوسرے کی سخت حریف تھیں، جمہوریت کے تسلسل کے لیے چارٹر آف ڈیموکریسی پر متفق ہوئیں اور تلخیاں بھلا کر آگے بڑھیں۔

ان کے بقول سیاست دراصل مفاہمت کی سائنس ہے، جو وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ نئی سیاسی صف بندیاں جنم دیتی رہتی ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت بلند ہے اور مختلف جماعتوں کے درمیان نئی صف بندیاں اور اتحاد کی قیاس آرائیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top