وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات، فصلوں اور مویشیوں کے نقصان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
شہباز شریف نے تمام صوبوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تفصیلی نقصانات کا تخمینہ تیار کیا جائے تاکہ بحالی کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جا سکے۔
انہوں نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کی بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے میں فوری اقدامات کو سراہا اور وفاقی و بین الصوبائی اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نقصانات کے تخمینے میں جانی و مالی نقصان کے ساتھ ساتھ فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصان کو بھی شامل کیا جائے اور اس سلسلے میں سپارکو سے سیٹلائٹ اسسمنٹ کی مدد لی جائے۔
انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں کو مختلف امراض سے بچانے اور مناسب فصلوں کی کاشت کے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔
ذرائع مواصلات کی بحالی اور متاثرہ سڑکوں کی مرمت کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام وزراء و ادارے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے شانہ بشانہ موجود رہیں۔
اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں نے سیلابی صورتحال میں کیے گئے تعمیر و بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گنے، کپاس اور چاول کی فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کر لیا جائے گا جب پانی کی سطح میں کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں : فٹ بال ٹیم ظاہر کرکے 17 نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے والا ایجنٹ گرفتار
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر پلاننگ احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اکنامک افیئرز احد خان چیمہ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔





