اسلام آباد: افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے آج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر دوپہر کے کھانے کے موقع پر ملاقات کی۔
اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، نائب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس، اور دیگر اہم سیاسی و قومی شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات دوطرفہ تعاون اور تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے حوالے سے مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں کمی اور نقل و حمل کے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بلا تعطل تجارت کو ناگزیر قرار دیا۔
افغان سفیر سردار احمد شکیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ تعمیری اور مستقبل بین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کے قیام سے پہلے بھی یہ مسائل موجود تھے اور افغانستان دو طرفہ احترام اور تعاون کی بنیاد پر ان مسائل کے مستقل حل کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی سفیر تک پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردوں کا ملک کے اندر اور باہر مکمل بندوبست کیا جائے گا، رانا ثنا اللہ
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ہی افغانستان کا سرکاری دورہ کرے گا تاکہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
یہ ملاقات پاکستان اور افغانستان کے مابین قریبی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔





