ایشیا کپ 2025 میں پیش رفت، پی سی بی کا اہم بیان سامنے آ گیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیصلہ پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے اعتراضات کو تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا کر ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو مقرر کرنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔ اس تبدیلی کے بعد ایشیا کپ کا تنازعہ حل ہو گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پاکستان نے مثبت پیش رفت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے باقی میچز اپنے شیڈول کے مطابق کھیلے گا، جس میں بدھ کو یو اے ای کے خلاف میچ شامل ہے۔

یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔

اس سے قبل اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی میڈیا مینجر سے بھی کہا تھا کہ اس واقعے کو ریکارڈ نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیاکپ:بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دیدی

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر ہاتھ ملانے سے انکار کیا اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کیا۔

میچ کے دوران انہوں نے سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہا تھا، جس پر پاکستان نے سخت اعتراض کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی اس کارروائی کو کرکٹ حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ اب ایشیا کپ 2025 بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔

Scroll to Top