پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت نصیب ہوئی، عطا تارڑ

لندن: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ اسے حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ تاریخی دفاعی معاہدے کا کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈپٹی وزیر اسحاق ڈار کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سعودی عرب کی سرزمین پر پاکستانی پرچموں کی بہار اس کامیابی کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستان کی خارجہ پالیسی بڑی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی کے ساتھ دفاعی شراکت داری پاکستان کے لیے نئی امیدیں لے کر آئی، رانا ثناء

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو مضبوط بنانے، خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

معاہدے کے مطابق اگر کسی ایک ملک کے خلاف کوئی جارحیت کی جائے گی تو اسے دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، جس سے دفاعی تعاون کو فروغ ملے گا اور مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط کیا جائے گا۔

Scroll to Top