رافیل کیسے گرائے تھے؟ حارث رؤف نے بھارتی شائقین کو بتادیا

رافیل کیسے گرائے تھے؟ حارث رؤف نے بھارتی شائقین کو بتادیا

ایشیا کپ 2025ء کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جانب سے بھارتی شائقین کو دیے گئے ’’رافیل گرانے‘‘ کے اشارے سوشل میڈیا اور کھیلوں کی دنیا میں خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

میچ کے دوران جب حارث رؤف باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کر رہے تھے، تو قریبی بھارتی تماشائیوں کی جانب سے مسلسل آوازیں کستی گئیں۔ ان جملوں کا جواب حارث نے نہایت منفرد، طنزیہ اور پُرجوش انداز میں دیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھ کی انگلیوں سے پہلے 0-6 کا اشارہ بنایا، پھر ہاتھ کو ہوائی جہاز کی مانند فضا میں اُڑا کر نیچے گرتا ہوا دکھایا یہ منظر بلاشبہ پاکستان ایئر فورس کی اُس تاریخی کارروائی کی طرف اشارہ تھا، جب رواں سال مئی 2025ء میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے، جن میں 3 فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے گئے تھے۔

گراؤنڈ میں موجود پاکستانی شائقین نے بھی موقع پر بھرپور ردعمل دیا اور زور و شور سے ’’رافیل! رافیل!‘‘ کے نعرے لگائے۔ حارث رؤف صرف بالنگ ہی نہیں کرتے رہے، بلکہ اپنے اشاروں سے بھی بھارتی شائقین کو چپ کرواتے رہے۔ کبھی انہوں نے کان میں انگلی ڈال کر ظاہر کیا کہ آواز نہیں آ رہی، تو کبھی پیر سے دھول جھاڑ کر طنزیہ انداز میں جواب دیا۔

یہ مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گئے اور سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہو گئے۔ پاکستانی صارفین نے اس عمل کو’’جرات مندانہ اور برجستہ جواب‘‘ قرار دیتے ہوئے حارث رؤف کو ’’رافیل ہنٹر‘‘کا خطاب دے دیا۔ دوسری طرف بھارتی صارفین نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر اپنا غصہ نکالا۔

ماہرین کے مطابق، یہ واقعہ نہ صرف کھیل کے میدان میں جذبات کی شدت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتا ہے کہ کرکٹ اور قومی وقار کے درمیان جذباتی تعلق کس قدر گہرا ہے۔

Scroll to Top