پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کی مہم کے باوجود بھارت میں کرکٹ کا جنون اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا فائنل ملک بھر کے 100 سے زائد سینما گھروں میں براہِ راست دکھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے آغاز سے قبل بھارت میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچز کے بائیکاٹ کی باقاعدہ مہم چلائی گئی تھی، خصوصاً پہلگام حملے کے بعد کرکٹ شائقین اور قوم پرست حلقوں نے سخت ردعمل دیا تھا۔ لیکن وقت کے ساتھ جذبات کی شدت کم پڑی اور کرکٹ کا شوق ایک بار پھر غالب آ گیا۔
بھارت کی معروف ملٹی پلیکس چین پی وی آر انوکس (PVR Inox) نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ فائنل کو ملک بھر میں 100 سے زائد اسکرینوں پر دکھایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے PVR نے آئی ٹی ڈبلیو یونیورس اور ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
جب ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تو پاکستان کے خلاف میچوں کے بائیکاٹ کا شور نمایاں تھا، لیکن جیسے ہی سپر فور مرحلے میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے آئے، سوشل میڈیا پر دلچسپی کا گراف تیزی سے اوپر گیا۔ یہی بڑھتی ہوئی توجہ اب سینما گھروں میں بڑی اسکرینز پر میچ دیکھنے کے رجحان میں تبدیل ہو چکی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، اور کروڑوں شائقین کی نظریں اس ہائی وولٹیج مقابلے پر مرکوز ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فائنل میچ کے لیے سینما ٹکٹ آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں، اور میچ کی براہِ راست کوریج کے لیے جدید اسکریننگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف شائقین کو ایک نیا تجربہ فراہم کرے گا، بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ کرکٹ کس طرح جذبات، سیاست اور کاروبار کو یکجا کر دیتی ہے۔
آج، 28 ستمبر کو دبئی میں ہونے والا یہ فائنل پاکستان اور بھارت کی تیسری ٹکر ہوگی۔ بھارت نے گروپ اسٹیج میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ سپر فور میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان فائنل میں ماضی کی شکستوں کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہے۔





